پاکستانی معروف اداکارہ، میزبان و ڈیجیٹل کانٹینٹ کرئیٹر کنول آفتاب نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے بچپن ہی میں والدین میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
کنول آفتاب اور اُن کے شوہر، یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر نے اپنے یوٹیوب چینل پر نئی وی لاگ شیئر کیا ہے۔
22 منٹ 46 سیکنڈ کے اس وی لاگ میں اس جوڑی نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے کئی سوالوں کے جواب دیے ہیں۔
جہاں انٹرنیٹ صارفین نے اپنی پسندیدہ ٹک ٹاکر جوڑی سے متعدد سوال کیے ہیں وہیں ایک مداح نے اداکارہ کے والد سے متعلق سوال پوچھ ڈالا۔
کنول آفتاب نے اپنے والد سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس موضوع پر کبھی بات نہیں کرتی ہوں کیوں کہ میں اپنے والد سے متعلق بات کرتے ہوئے بہت زیادہ جذباتی ہو جاتی ہوں۔
کنول آفتاب نے مزید کہا کہ آپ کی فیملی آپ کے لیے بہت حساس موضوع ہوتا ہے، ہم سب ہی اپنے خاندان کو لے کر حساس ہوتے ہیں۔
کنول آفتاب نے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب میں تیسری کلاس میں تھی تو میرے والدین میں علیحدگی ہو چکی تھی، میرے والد ہمیں ننہیال چھوڑ کر چلے گئے تھے اور بعد میں انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میری والدہ ایک بار ہمیں والد کے پاس واپس لے گئی تھیں مگر جا کر پتہ چلا کہ وہاں میرے اسکول سے میرا نام کاٹ دیا گیا ہے کیوں کہ والد نے فیس نہیں ادا کی تھی۔
کنول آفتاب کا مزید کہنا تھا کہ کوئی مسئلہ نہیں، میرے والدین کی آپس میں نہیں بن سکی مگر میری والدہ اور ننہیال نے کبھی والد سے ملنے سے منع نہیں کیا ہے۔