تھائی لینڈ کے شہر رکھون راتچسیما میں واقع راجامنگلای یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (آر ایم یو ٹی آئی) میں سینئر طلبا کی جاری کردہ پرتشدد رسم ہیزنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والے طالبِ علم کی موت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے یونیورسٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہیزنگ نامی رسم میں نئے طالب علم کو مسلسل جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والے 15 طلباء کو برخاست کیا جارہا ہے۔جسمانی تکلیف کی حامل رسم میں ہلاک ہونے والے طالبِ علم کی شناخت پاڈیوس چونپکڈی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 19 سال تھی۔
یونیورسٹی کے حکام کی طرف سے کی گئی تحقیقات میں 13 مارچ کو سیکنڈ ایئر کے تیس اور 37 نئے طلبا کو اس مہلک رسم میں ملوث پایا گیا۔
یونیورسٹی کے صدر پروفیسر کوسٹ سری فتھورن کا کہنا ہے کہ پندرہ طلبا کو یونیورسٹی سے برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وہ پاڈیوس کے بے ہوش ہونے تک اُسے مارتے رہے۔ بعد میں پاڈیوس کو جب اسپتال لے جایا گیا تو وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ دس دیگر سینئر طلباء نے اس رسم کی تیاری میں مدد کی اور فرسٹ ایئر کے طلباء کو ذہنی و جسمانی اذیت پہنچائی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئے۔
واضح رہے، ہیزنگ نامی رسم کا مقصد نئے طلبا کی قوت برداشت کا امتحان لینا ہوتا ہے جس کے بعد وہ سینئر گروپ میں شامل کیے جاتے ہیں۔