خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کو اسپتال لانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ تونیشا شرما کے ساتھی اداکار شیزان خان سمیت دیگر دو ساتھی انہیں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لے کر آتے ہیں جہاں بعدازاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
مذکورہ ویڈیو میں ایک آدمی تیزی سے سیڑھیوں سے اوپر لے جا رہا ہے جبکہ شیزان خان اور ایک خاتون اس کے ساتھ چل رہے ہیں۔
ڈاکٹر صندر پال کے مطابق جب انہوں نے اداکارہ کو چیک کیا تو وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وفات پاچکی تھی۔
ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ اداکارہ کے ساتھیوں کے مطابق وہ انہیں شوٹنگ کے سیٹ سے لے کر آئے تھے، ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران اداکارہ نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا۔ دروازہ کھٹ کھٹایا لیکن جب انہوں نے دروازہ نہیں کھولا تو دورازہ توڑنا پڑا۔ جب دروازہ توڑ کر اندر گئے تو تونیشا شرما کو پھندے سے لٹکا ہوا پایا تو فوراً اسے اسپتال لے آئے۔
اداکارہ کے ساتھی اداکار اور سابق بوائے فرینڈ شیزان خان کے مطابق تونیشا شرما سے ان کا بریک اپ 15 روز قبل ہوا تھا جبکہ اداکارہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھی۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تونیشا نے اس سے قبل بھی خود کشی کی کوشش کی تھی، تاہم اُس وقت انہوں نے ہی ان کی جان بچائی تھی۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر کو تونیشا شرما نے ٹی وی شو علی بابا داستان کابل کے سیٹ پر میک اپ روم میں خودکشی کرلی تھی۔
اداکارہ کی موت کے بعد اس کی والدہ نے ان کے ساتھی اداکار شیزان خان پر الزام عائد کیا تھا جس پر پولیس نے اداکار کو 4 روز قبل گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے اس کیس کو لو جہاد کا رنگ دیا جا رہا ہے۔