پاکستان کے باصلاحیت ٹی وی اینکر و اداکار توثیق حیدر نے ترکش ڈرامہ سیریل ’کویو بیاز‘ میں اپنے اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے کردار سے متعلق تفصیل بتائی ہے۔
میزبان توثیق حیدر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے ترکیہ کے ڈرامے میں کام کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا کردار اسپیشل گیسٹ اپیئرنس جیسا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ڈرامے کی شروع کی قسطوں میں وہ اور عتیقہ اوڈھو ڈرامے کے مرکزی کردار ہیرو (پاکستانی اداکار عطا بیگ محسن) کے والدین کے کردار میں نظر آئیں گے۔
ڈرامے کی کہانی سے متعلق بات کرتے ہوئے توثیق حیدر کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسے خاندان کی کہانی ہے جن کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ اُن کی رہائش لندن میں ہے اور اُن کا بیٹا اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے ترکیہ جا رہا ہے۔
توثیق حیدر نے مزید کہا کہ باقی ساری کہانی طالبِ علموں کی ہے۔
اداکار کا ترکیہ میں کام کرنے کے تجربے سے متعلق بات کرتے ہوئے بتانا تھا کہ ترکیہ کی پروڈکشن کے ساتھ کام کر کے بہت مزا آیا، کیوں کہ کام بہت کم تھا اور بہت کم دنوں کے لیے جانا تھا اسی لیے عتیقہ اوڈھو کا بھی اس حوالے سے مجھ سے کہنا تھا کہ چلو توثیق ترکیہ گھوم کر آتے ہیں، مزا آئے گا۔
معروف میزبان کا کہنا تھا کہ میں نے ترکیہ میں کام کر کے بہت کچھ سیکھا اور بہت انجوائے کیا۔
یاد رہے کہ اداکار توثیق حیدر کی ایک پوسٹ کے مطابق ڈرامہ سیریل ’کویو بیاز‘ رواں ماہ 8 مئی سے شروع ہو چکا ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں 3 پاکستانی اداکار نظر آئیں گے۔