سڈنی: اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کینگروز کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے بیتاب ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ کہ برسبین کی کنڈیشنز سے واقف ہیں، اسکواڈ میں شامل 3 اہم بیٹسمین 2016 کی سیریز میں بھی یہاں کھیلنے کا تجربہ حاصل کر چکے ہیں، پرتھ میں بھی تیاریوں کا اچھا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ نے ڈومیسٹک پچز پیسرز کے لئے زیادہ سازگار نہ ہونے کے باوجود عمدہ بولنگ سے توجہ حاصل کی، 16 سالہ بولر پرجوش اور باصلاحیت ہیں، انہوں نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا میں قیام کا فیصلہ کیا اور اگلے روز شاندار اسپیل بھی کیا۔
اوپنر شان مسعود نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ہمیں کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کے لیے حکمت عملی بنانا پڑے گی، مچل اسٹارک اور مائیکل نیسر سمیت آسٹریلوی پیسرز مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، دوسری جانب پاکستان کا بولنگ اٹیک بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، محمد عباس تجربہ کار ہیں جب کہ کم بیک کرنے والے عمران خان سینئر بھی اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں۔
اوپنر شان مسعود کا کہنا تھا کہ اسپیڈ اسٹار موسی اور نسیم شاہ کی خدمات بھی میسر ہیں، شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے پرفارم کرتے رہے ہیں، تمام مہمان کرکٹرز کینگروز کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بیتاب ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بہتر آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔