پاکستانی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں کی ترکیہ سے آئے مہمان اداکار براق ازچیوت سے ملاقات پر اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے دلچسپ انداز میں طنز کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر یاسر حسین نے اپنی منفرد حسِ مزاح کے ذریعے ساتھی فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے متنازع بیانات کے باعث شہ سرخیوں میں رہنے والے اداکار یاسر حسین نے انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ خدا کی قسم اتنا میک اپ میں نے کاسمیٹک کی دکان پر نہیں دیکھا جتنا کل ترکش اداکار براق ازچیوت سے ملنے کے لیے پاکستانی اداکاروں نے کیا ہوا تھا۔
اداکار نے گورے رنگ سے متعلق احساسِ کمتری کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ تمام پاکستانی اداکار اُس بھائی سے بھی 2 ٹون زیادہ سفیدی میں تھے۔
انہوں نے مرحوم جنید جمشید کے گانے کے بول کا سہارا لیتے ہوتے ہوئے ساتھی فنکاروں پر تنقید کی اور لکھا کہ گورے رنگ کا زمانہ، کبھی ہوگا نہ پرانا (سچ ہی ہے)۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والی تاریخی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولوس عثمان‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار براق ازچویت گزشتہ دنوں پاکستان آئے تھے، اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مداحوں اور فنکاروں سے بھی ملاقات کی۔