ترکی کی مقبول ترین مصنفہ ایلف شفق نے پاکستان کی کم عمر ترین نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی لڑکیوں کی تعلیم سے گہری وابستگی اور ہمت کی تعریف کی ہے۔
معروف ناول ’عشق کے چالیس اصول‘ کی مصنفہ ایلف شفق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ملالہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے ملالہ کی تعریف کی۔
ایلف شفق نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’گزشتہ روز میری آکسفورڈ یونیورسٹی کے مارگریٹ حال میں گفتگو ہوئی جہاں حیرت انگیز طور پر نوجوان سامعین کے ساتھ ساتھ ملالہ سے مل کر بے حد اچھا لگا‘۔
انہوں نے ملالہ یوسف زئی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملالہ کی ہمت اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ان کی گہری وابستگی کی میں دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتی ہوں اور انہیں سلام پیش کرتی ہوں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے مارگریٹ حال میں ہی ملاقات کی تھی۔
گریٹا تھنبرگ نے ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بتایا کہ ملالہ ان کی رول ماڈل ہیں۔
ملالہ اب تک نوبیل امن انعام، سخاروف اور ورلڈ چلڈرن پرائز سمیت 40 سے زیادہ بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی اب پاکستان کے علاوہ افریقا، شام اور دیگر خطوں کے تعلیم سے محروم بچوں کی بھی آواز بن گئی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور اس وقت برطانیہ میں ہی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔
ملالہ نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دنیا میں حقیقی تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔