ترکی میں مقامی طور پر تیار پہلی الیکٹرک اسمارٹ کار کی تقریب رونمائی ہوئی۔
ترکی میں مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک اسمارٹ کار ’ٹوگ‘ کی تقریب رونمائی میں ترک صدر طیب اردوان نے خصوصی شرکت کی۔
الیکٹرک کار ’ٹوگ‘ کی تیاری میں 100 ترک انجینیئرز نے حصہ لیا جبکہ یہ گاڑی ماحول دوست بھی ہے جس سے ماحول بھی آلودہ نہیں ہوگا۔
نمائش میں ترک الیکٹرک کار کے 2 ماڈل پیش کیے گئے جن میں ایک الیکٹرک لائٹ ایس یو وی اور دوسری سیڈان ہے۔
تقریب سے خطاب میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم نے 60 سال قبل دیکھے گئے خواب کو پورا کرنے کیلئے دن رات محنت کی ہے اور اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی کے ڈیزائنرز اور انجینیئرز کی کوششوں سے مقامی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے 100 فیصد مقامی سطح پر ہی گاڑی تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
بعد ازاں ترک صدر نے خود کار چلاکر دیکھی اور اسے خریدنے کا اعلان کیا تاہم یہ اسمارٹ کار 2022 میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔
صدر رجب طیب ایردوان نے الیکٹرک کار کا پلانٹ شمال مغربی شہر برصا میں لگانے کی منظوری دی ہے۔
منصوبے کے مطابق گاڑیاں ترکی کی آٹوموبائل انڈسٹری اور ٹریڈ انٹرپرائز گروپ کی جانب سے تیار کی جا ئیں گی جبکہ کار پروڈکشن سے 4 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔
ہر سال 5 مختلف ماڈلز میں ایک لاکھ 75 ہزار کی تعداد میں الیکٹرک اسمارٹ کار تیار کی جائیں گی۔