دسمبر 2019 کے وسط سے چین کے شہر ’ووہان‘ سے شروع ہونے والا کورونا وائرس 11 مارچ 2020 کی سہ پہر تک دنیا کے 118 ممالک تک پہنچ چکا تھا اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 19 ہزار 133 افراد متاثر ہو چکے تھے۔
کورونا وائرس 11 مارچ کی سہ پہر تک دنیا بھر کے 118 ممالک تک پھیل چکا تھا اور کئی ایسے ممالک تھے جہاں پہلا کورونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا۔
اگرچہ کورونا وائرس افریقہ میں پہلے ہی پہنچ چکا تھا تاہم افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں پہلا کیس 10 اور 11 مارچ کی درمیانی شب سامنے آیا۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) افریقہ کے مطابق جمہوریہ کانگو میں پہلے کورونا وائرس کی تصدیق 10 اور 11 مارچ کی درمیان شب ہوئی۔ت
کانگو کی وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص فرانس سے کانگو پہنچا تھا۔
انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کے بعد وہاں لوگوں میں مزید خوف پھیل گیا جب کہ حکومت نے حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے۔
انڈونیشیا میں اگرچہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 27 تک جا پہنچی ہے تاہم وہاں 10 اور 11 مارچ کی درمیانی شب وائرس سے متاثرہ شخص کی ہلاکت ہوئی۔
افریقی ملک کانگو کی طرح ترکی نے بھی 11 مارچ کو پہلے کورونا وائرس کیس کی تصدیق کی۔
ترکی کی وزارت صحت نے ملک میں پہلے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ شخص کی صحت بہتر ہے اور ان کے اہل خانہ کو بھی انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے جب کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ملک بھر میں بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے ایران کے بعد عراق نے بھی مقدس شہر ’کربلا‘ میں نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا، وہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 71 تک جا پہنچی ہے جب کہ وہاں 7 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے ہی جاپانی حکومت نے رواں برس ہونے والے ’اولمپکس‘ کھیلوں کو منسوخ یا مؤخر کرنے کا عندیہ بھی دیا، جاپان کی وزیر کھیل نے کہا کہ وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر اولمپکس 2020 کو منسوخ یا مؤخر کرنا ناگزیر بن چکا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جاپان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 581 تک پہنچ چکی تھی جب کہ وہاں 12 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
تھائی لینڈ نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کرتے ہوئے بھارت سمیت دنیا کے 17 ممالک کو ’ویزا آن ارائیول‘ کی سہولت منسوخ کردی، تاکہ وہاں کم سے کم لوگ آئیں، تھائی لینڈ میں بھی کورونا کے 59 کیس سامنے آ چکے ہیں جب کہ وہاں ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
عالمی تجارتی ادارے (ورلڈ ٹریڈ آرگنائیزیشن) ڈبلیو ٹی او کے سربراہ نے بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر رواں ماہ 20 مارچ تک تمام میٹنگز و کانفرنسز منسوخ کردی ہیں اور ادارے کے سربراہ نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب عالمی ادارے کے ایک عہدیدار میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی.