ترکیہ کے انفو ٹیک ریگولیٹر نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو بند کردیا گیا ہے، جس کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، ویب سائٹ کی بندش کے ساتھ ہی موبائل پر بھی انسٹاگرام ایپ تک رسائی محدود ہو چکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ترکیہ کے مواصلاتی عہدیدار فرحتین التون کے انسٹاگرام پر کیے گئے تبصرے کے بعد کیا گیا ہے، انہوں نے اس پلیٹ فارم کی جانب سے حماس کے اہم رہنما اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ان کی تعزیتی پوسٹس کو محدود کرنے پر انسٹا گرام کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ترکیہ کے صدارتی مواصلاتی عہدیدار التن کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر ایک سیدھی اور سادی سینسر شپ ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ انسٹاگرام نے اپنی کارروائی کے لیے کسی پالیسی کی خلاف ورزی کا حوالہ نہیں دیا۔
انسٹاگرام کے پیرنٹ پلیٹ فارمز میٹا کی جانب سے اب تک انسٹاگرام کی بندش یا فہریتن التن کے تبصروں کے حوالے سے کسی بھی رائے کا اظہار نہیں کیا گیا۔
ترکیہ کی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بی ٹی کے نے 2 اگست کو اپنی ویب سائٹ پر اس فیصلے کا اعلان کیا۔