ترجمان حکومت بلوچستان کی تقرری کے خلاف آئینی درخواست پر بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل بینچ نے صادق خلجی ایڈووکیٹ کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ترجمان حکومت بلوچستان کی تعیناتی ہائی کورٹ گزشتہ سال خلاف آئین قرار دے چکی ہے۔
انہوں نے استدلال کیا کہ ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ترجمان کی ذمہ داریاں ڈی جی پی آر کی ہیں، ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ترجمان مقرر کرکے آئین اور عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔
عدالت عالیہ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور سماعت 2 ہفتوں کےلیے ملتوی کردی۔