پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی رہنما اور ایم این اے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے دستخطوں سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نوٹس پیریڈ پر تھے۔
اعلامیے کے مطابق نوٹس پیریڈ کے دوران انضباطی کمیٹی نے محسوس کیا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی ضوابط کا کوئی خیال نہیں ہے، شیرافضل مروت خودکوپارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتےہیں۔
تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر شیر افضل مروت ایک عزت دار شخص ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں۔
خیال رہے کہ شیرافضل مروت کو متنازع بیانات دینے کے بعد جولائی کے مہینے میں پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا بعد ازاں شیر افضل مروت کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب دیا گیا تھا تاہم پارٹی نے ان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا تھا۔
شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے کسی بھی شوکاز کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا، آپ کے پارٹی رہنماؤں کے خلاف دیے گئے بیانات کو نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کوپارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا اختیار دیتے ہوئے شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کی ہدایت کردی تھی۔