تارکین وطن کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں ، پاکستانی کمیونٹی کی نمائیندہ تنظیم کے صدر کی آذاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات


‎ڈیلس: ( راجہ زاہد اختر خانزادہ )وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ تارکین وطن کشمیری مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دیار غیر میں اپنی محنت کے بل بوتے پر نام بنایا اور ریاست کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔ تارکین وطن کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ان کا انتہائی اہم کردار ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت ان کے مسائل حل کرنے کےلئے سنجیدہ ہے ۔ اورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کےلئے اورسیز کمیشن کا قیام عمل میں لایا اور ان کی سہولیات کےلئے مزید اقدامات بھی کرینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس امریکہ کے صدر عابد ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز وزیر اعظم سے ملاقات کی

۔ عابد ملک نے اس موقع پر وزیر اعظم کو دورہ امریکہ کی دعوت بھی دی جو انہوںنے قبول کر لی ۔ وزیر حکومت احمد رضا قادری ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیری اپنے جائز حق حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی نہیں ہے کشمیری اقوام متحدہ کی قرارداداوں کے مطابق اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی فورمزپر ہندوستان کے پروپیگنڈے کا توڑ کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت اور ہائیڈرل کو ترقی دیکر ریاستی آمدن میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں ۔ رواں سال سیاحت کے فروغ کےلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں ۔سیاحوں کی سہولت کےلئے خصوصی ٹورازم فورس اور سمارٹ کارڈز کا اجراءکیا گیا ہے ۔ آزادکشمیر اپنے قدرتی حسن کی بدولت سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ جو باہر ہیں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ان کو سہولیات حکومت فراہم کریگی۔ عابد ملک نے اپنے دورہ کے دوران صدر آذاد کشمیر سردار مسعود خان سے بھی ملاقات کی اور اورسیز کشمیریوں کے مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں