بیٹسمینوں کوسکھانے کیلیے وقارسے جادو کی چھڑی لینے کی کوشش کروں گا، یونس


 لاہور: 

 سہیل خان کی بولنگ میں اچانک نکھار لانے والی ’’جادو کی چھڑی‘‘ موضوع بحث بن گئی۔چند روز قبل پیسر نے پریکٹس میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز میں سہیل خان کا بیان سامنے آیا کہ بولنگ کوچ وقار یونس نے لیٹ سوئنگ سکھائی جس سے کارکردگی میں بہتری آئی، اس پر بحث چلتی رہی کہ جادو کی اس چھڑی کا استعمال دیگر بولرز کیلیے کیوں نہیں کیا گیا؟ گذشتہ روز بیٹنگ کوچ یونس خان کی ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ وقار یونس نے 2منٹ میں سہیل خان کو لیٹ سوئنگ سکھا دی،آپ کے پاس ایسی کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ 2منٹ میں نہیں تو 2دن میں ہی ٹاپ آرڈربیٹنگ کے مسائل حل کردیں۔

ویسٹ انڈیز پر حاوی رہنے والے انگلش بولرز کیخلاف پاکستانی بیٹسمین سنچریاں اور ڈبل سنچریاں بنانے لگ جائیں، یونس خان نے مسکراتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ وقار یونس سے جادو کی چھڑی لینے کی کوشش کروں گا تاکہ بیٹسمینوں کو جلد سکھا سکوں، فی الحال سابق پیسر سے گالف کی کلاسز لے رہا ہوں، اسی کی چھڑی میرے پاس ہوتی ہے۔ اس کے بعد یونس خان نے کہا کہ سنجیدہ بات کروں تو کوچز اور کھلاڑیوں کا ایک دوسرے کو سراہنا اچھی بات ہے،کوچز باپ اور بڑے بھائی کی طرح ہوتے ہیں، میں خود بھی اپنے کوچز کی خدمات کا اعتراف کرتا رہا ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں