سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر علی کا کہنا ہے کہ بیٹرز پر مشکل وقت آتا ہے، بابر اعظم خود کو بڑا بیٹر ثابت کرچکے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو کارکردگی میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے، دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ میلبرن اور سڈنی میں مواقع سے فائدہ اٹھایا جاتا تو سیریز کا نتیجہ مختلف ہوتا۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم ایک عرصہ کے بعد ٹیسٹ میں 20 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیریز میں ماضی کے مقابلے میں پچز مشکل تھیں۔ بابر سے ٹیسٹ سیریز میں رنز نہیں ہوئے تو اسٹیو اسمتھ بھی رنز نہیں کرسکا۔
نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچز اچھے ہوئے ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق اظہر علی کا کہنا تھا کہ جس کھلاڑی کو موقع دیں تو اسے پوری سیریز کھلائیں، ایک دو میچز پر فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔
صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں صائم کا مستقبل روشن ہے۔
ساتھ میں انہوں نے ہارڈ ہٹنگ بیٹر اعظم خان سے متعلق کہا کہ اعظم کو موقع ملنا چاہیے، وہ ضرور پرفارم کرے گا۔