امریکا میں ایک شخص نے بیوی کے خوف سے گھر جانے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی اور پولیس کو خود کو گرفتار کرنے پر مجبور کردیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کی مصروف شاہراہ سے 70 سالہ لیونارڈ اولسن نامی امریکی شہری کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔شہری کو ایک مصروف شاہراہ پر اپنے گاڑی کی کھلی چھت سے بازو پھیلا کر کھڑے ہوئے دیکھا گیا جس پر عینی شاہدین نے اس کرتب کی ویڈیو بنا ڈالی۔
عینی شاہدین میں ایک پولیس افسر بھی شامل تھا جو ڈیوٹی کے بعد گھر واپس جا رہا تھا۔اس کے مطابق ابتدا میں اولسن نے ایسے کسی بھی واقعے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی بات کے بارے میں نہیں جانتا۔
پولیس افسر کی جانب سے اسے مطلع کیا گیا کہ اس کرتب کی ویڈیو بھی موجود ہے، یہ سنتے ہی اولسن نے اپنی کہانی تبدیل کردی اور کہا کہ وہ ایسا صرف اس لیے کر رہا تھا تاکہ اسے پولیس گرفتار کر لے کیونکہ وہ اپنی بیوی کے پاس واپس نہیں جانا چاہتا۔
پولیس کو بیان دیتے ہوئے اس شخص نے کہا کہ وہ اپنی بیوی کے پاس واپس گھر جانے کی بجائے جیل جانا پسند کرے گا۔
پولیس کے مزید پوچھنے پر اس نے بتایا کہ اس کی بیوی اس سے نوکروں جیسا سلوک کرتی ہے، وہ گھر کی مالکن ہے اور وہ اس سب سے تنگ آچکا ہے۔
گاڑی خودبخود چلنے کی وضاحت دیتے ہوئے اولسن نے کہا کہ اس کی گاڑی خودکار ہے اور کمپیوٹر اس کا تمام نظام سنبھالتا ہے۔
اولسن کی خواہش پوری ہوئی اور اسے گرفتار کر کے جیل پہنچا دیا گیا جہاں اسے تیزرفتاری سے گاڑی چلانے کے الزام کا سامنا ہے۔
ایسا دلچسپ واقعہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ 3 سال قبل بھی ایک شہری لارنس جون رپل بینک لوٹنے کے بعد آرام سے وہیں بیٹھ کر پولیس کا انتظار کرتا رہا کیونکہ وہ اپنی اہلیہ کی وجہ سے گھر نہیں جانا جاتا تھا۔