آج کل کے نوجوانوں بلکہ اکثر افراد کی پسندیدہ غذا جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
جی ہاں جنک یا الٹرا پراسیس فوڈز امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ بہت زیادہ بڑھا دیتے ہیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
اٹلی کے محققین کی اس تحقیق میں 35 سال یا اس سے زائد عمر کے 24 ہزار سے زیادہ مردوں اور خواتین کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا، جس دوران ان کی غذائی عادات کے ڈیٹا کو اکٹھا کرکے صحت پر اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
طبی جریدے امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشنز میں شائ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ جنک فوڈز کھانے کے شوقین ہوتے ہیں، ان میں دل کی شریانوں سے جڑے امراض، ہارٹ اٹیک یا فالج سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جتنا زیادہ جنک فوڈز کا استعمال کیا جائے گا، اتنا ہی خطرہ بڑھتا چلا جائے گا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن بھر کی غذائی کیلوریز کے کم از کم 15 فیصد حصے کو پراسیس غذاؤں کی شکل میں استعمال کرنے والے افراد میں یہ خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
یہ مجموعی طور پر دن بھر میں 3 سو سے 1250 کیلوریز ہے۔
ان افراد کی دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ 58 فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ فالج یا ہارٹ اٹیک سے یہ خطرہ 52 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
بہت زیادہ پراسیس غذائیں اکثر چینی، چربی یا چکنائی اور ایسی کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں جن کا جسم کو ایک فیصد بھی فائدہ نہیں ہوتا اور انکے بارے میں عرصے سے کہا جارہا ہے یہ مختلف بیماریوں جیسے امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، موٹاپے اور کینسر کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
محققین کے خیال میں ایسی غذاؤں میں چینی کی بہت زیادہ مقدار خطرے کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں زیادہ چینی کے استعمال کو امراض قلب، موٹاپے اور ذیابیطس سے منسلک کیا گیا ہے۔
2019 میں ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جو لوگ بہت زیادہ الٹرا پراسیس غذائیں کا زیادہ استعمال ذیابیطس ٹائپ ٹو کا شکار بناسکتا ہے۔
فرانس کی پیرس یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل محققین کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو مشورہ دینے چاہتے ہیں کہ وہ ان غذاﺅں کا استعمال محدود کردیں اور گھر میں پکے کھانوں کو ہی ترجیح دیں جن میں نمک، چینی، چربی کا کم استعمال ہوتا ہے جبکہ زیادہ جسمانی توانائی حاصل ہوتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ جسمانی وزن کم کنٹرول میں رکھنے اور صحت بخش طرز زندگی کے رویوں کو اپنانے میں ھبی مدد ملتی ہے۔
محققین نے کہا کہ ذیابیطس جیسے مرض سے بچنا چاہتے ہیں تو سرخ اور پراسیس گوشت کے ساتھ میٹھے مشروبات کا استعمال محدود کریں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ دہی، سبزیوں، اجناس اور گریوں کا استعمال زیادہ کرکے ذیابیطس کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔