بھارت میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے قائم عارضی اسپتال میں آگ لگنے سے 10 مریض ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزگی لگنے کا واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجیاوادا کے سورنا پیلس ہوٹل میں پیش آیا جہاں کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے عارضی مرکز قائم کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سورنا پیلس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے نتیجے میں 10 مریض ہلاک ہو گئے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کورونا مرکز میں آتشزدگی کا واقعہ صبح 5 پیش آیا اور حادثے کے وقت وہاں 30 افراد موجود تھے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر اظہار افسوس کیا اور متاثرین کو ہر ممکن امداد دینے کی ہدایت کی۔
آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ جگن موہن ریڈی نے حادثے میں ہلاک افراد کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت بھارت کورونا وائرس کے کیسز میں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں مریضوں کی کل تعداد21 لاکھ 56 ہزار 443 ہے جب کہ اموات کی تعداد 43 ہزار 488 ہے۔