بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے سے کرکٹ ختم نہیں ہو گی، حسن علی

بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے سے کرکٹ ختم نہیں ہو گی، حسن علی


پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی بھارتی کرکٹ ٹیم کے بغیر پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے سے کرکٹ ختم نہیں ہو گی۔ 

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ اگر ہم بھارت میں کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں تو ان کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ بہت سے بھارتی کرکٹرز نے اپنے انٹرویوز میں کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ٹیم تو پاکستان آنا چاہتی ہے تاہم وہ اپنے ملک اور بورڈ کی پالیسیوں کی وجہ سے مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ اگر چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے تو یہ صرف پاکستان میں کھیلی جائے گی اور بھارت نہیں آنا چاہتا تو ہم ان کے بغیر کھیلیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ کرکٹ ختم ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل بھارت کے تمام میچز لاہور میں کرانے کی تجویز دی تھی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے مئی میں کہا تھا کہ حکومت کی اجازت کے بعد ہی بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان بھیجا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں