پاکستانی کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ بھارت کے سب سے بڑے رئیلٹی شو ’بگ باس13‘ سے آفر آنے پر حیران ہوگئی تھی۔
گلوکارہ آئمہ بیگ نے حال ہی میں ایک ویب شو ’دی منشی شو‘ میں انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں بھارت کے سب سے بڑے رئیلٹی شو ’بگ باس سیزن 13‘ کا حصہ بننے کے لیے پیشکش کی گئی تھی۔
آئمہ بیگ نے بتایا کہ جب مجھے کال آئی کہ آپ کو ’بگ باس سیزن 13‘ میں شامل کرنے کی لیے پیشکش کی جارہی ہے تو میں حیران ہوگئی تھی لیکن میں نے انہیں فوراً منع کردیا کیونکہ یہ شو بس دیکھنے کی حد تک ہی اچھا لگتا ہے اس کا حصہ بننے کے بارے میں نہیں سوچ سکتی۔
واضح رہے کہ بگ باس بھارت کا سب سے بڑا رئیلٹی شو سمجھا جاتا ہے اور حال ہی میں اس شو کا 13واں سیزن نشر کیا جا رہا ہے۔
اس شو کی میزبانی بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار سلمان خان کرتے ہیں اور بگ باس کے سیزن 4 میں پاکستانی اداکار وینا ملک بھی اس کا حصہ بنی تھیں۔
دوسری جانب آئمہ بیگ سے انٹرویوکے دوران حال ہی میں گردش کرنے والی افواہوں سے متعلق سوال پوچھا گیا کہ ان کا اور شہباز شگری کا کیا تعلق ہے جس پر آئمہ نے افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شگری میرے بہت اچھے دوست ہیں۔
یاد رہے کہ شہباز شگری کو آئمہ بیگ کے ساتھ سوشل میڈیا پر بے شمار تصاویر میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ منعقد ہونے والی فیشن شو میں آئمہ بیگ کی حوصلہ افزائی کے لیے شہباز شگری ان کے ساتھ موجود تھے۔
گلوکارہ آئمہ بیگ کو اپنی منفرد اور خوبصورت آواز کی وجہ سے پاکستان کا اُبھرتا ہوا ٹیلنٹ سمجھا جاتا ہے جنہوں نے کوک اسٹوڈیو کے علاوہ متعدد ڈراموں کے ٹائٹل گیت کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی گلوکاری کی ہے۔
آئمہ بیگ کو چند ماہ قبل پاکستان میوزک انڈسٹری میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ’تمغہ فخرِ امتیاز‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔