بھارت کشمیر میں انسانی حقوق اور معمولات زندگی کو فی الفور بحال کرے، اقوام متحدہ


کیلی فورنیا: اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قابض مودی حکومت کو فی الفور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کلویلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش ہے، وادی میں انسانی حقوق معطل ہیں اور شہریوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔

ترجمان روپرٹ کلویلی نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کر کے معمولات زندگی کو فی الفور بحال کرے اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

روپرٹ کلویلی نے مزید کہا کہ بھارت نے وادی بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر رکھا ہے، اظہار رائے اور مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے، مواصلاتی نظام منقطع ہیں اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد سے امن عامہ کی صورت حال بھی ابتر ہے، 6 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں جب کہ حریت اور سیاسی رہنماؤں کو بلا جواز حراست میں رکھا ہوا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں