بھارت نے کورونا وائرس کے خوف سے آئی پی ایل منسوخ کردی


نئی دلی: 

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خوف سے انڈین پریمیئر لیگ منسوخ کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پہلے آئی پی ایل کے نئی دلی میں شیڈول میچز منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب بورڈ کی جانب سے پوری لیگ کو ہی منسوخ کردیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم کورونا وائرس کی وجہ سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ اچھے اور صحت مندانہ ماحول میں کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہوں لہذا انڈین پریمیئر لیگ کا 13واں ایڈیشن 15 اپریل تک منسوخ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے تاہم سندھ حکومت کی سفارش پر کراچی میں شیڈول پی ایس ایل فائیو کے میچز میں احتیاطی طور پر شائقین کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور کراچی میں شیڈول تمام میچز بند گراؤنڈ میں ہوں گے جس میں پی سی بی کے منظور شدہ مخصوص افراد ہی شامل ہوں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پی ایس ایل فائیو کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے

واضح رہے چین سے شروع ہونے کے بعد دنیا بھر میں پھیلنے والی اس وبا سے اب تک تقریباً ساڑھے 4 ہزار افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت بھی تباہ ہوچکی ہے اور کھیلوں سمیت تعلیمی سرگرمیاں بھی اس سے شدید متاثر ہورہی ہیں اور اب اولمپکس 2020 کی بھی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں