بھارت نے رحم مادر کے کینسر کی سستی ترین ویکسین تیار کرلی

بھارت نے رحم مادر کے کینسر کی سستی ترین ویکسین تیار کرلی


پڑوسی ملک بھارت نے خواتین میں پائی جانے والی کینسر کی عام قسم ‘رحم مادر’ کے کینسر کی سستی ترین ویکسین تیار کرلی، جسے جلد ہی ابتدائی طور پر انڈیا اور بعد ازاں دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

رحم مادر کے کینسر کی ویکسین پہلے ہی ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیاں بنا چکی ہیں مگر وہ انتہائی مہنگی ہوتی ہیں اور ان ہی کمپنیوں کی مدد سے بھارتی کمپنی ‘سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا’ (ایس آئی آئی) نے سستی ترین ویکسین تیار کرلی۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سیرم کمپنی کے سربراہ اور بھارتی حکومت کے وزرا نے یکم ستمبر کو’سروائیکل کینسر’ کی سستی ترین ویکسین کی رونمائی کی اور بتایا کہ اب جلد ہی کمپنی بھارت بھر میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے پر کام کر رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ ویکسین ‘ہیومن پپلوما وائرس’ (ایچ پی وی) کے پھیلاؤ کو روکنے کا کام کرے گی، یہ وائرس جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلتا ہے جو کہ عام طور پر رحم مادر کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔

جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلنے والے ایچ پی ویز 16 اور 18 نامی خطرناک وائرسز خواتین کو موذی مرض کا شکار بناتے ہیں اور مذکورہ ویکسین ایسے وائرس کو خطرناک بنانے سے روکنے کا کام کرتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ویکسین نہ صرف مذکورہ دونوں وائرسز کو غیر فعال بنادے گی بلکہ وہ ایچ پی وی کے دیگر چند وائرسز پر بھی کام کرے گی۔

مذکورہ ویکسین کے ٹرائل پہلے سے ہی ہوچکے ہیں اور اس کے نتائج بھی حوصلہ کن ثابت ہوچکے تھے اور یورپ سمیت دیگر امیر ممالک میں مذکورہ ویکسین ملٹی نیشنل کمپنیاں فراہم کرتی ہیں۔

مذکورہ ویکسین کو ‘سیرواویک’ کا نام دیا گیا ہے اور اسے انجکشن کے ذریعے 9 سے 26 سال کی لڑکیوں کو لگایا جائے گا۔

ویکسین کو 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کو دو ڈوز میں وقفے وقفے جب کہ 15 سے 26 سال کی لڑکیوں کو تین ڈوز میں وقفے وقفے سے لگایا جائے گا۔

ویکسین کو تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق اس کی قیمت بھارت میں 200 سے 400 روپے کے درمیان ہو سکتی ہے، یعنی اس کی پاکستانی قیمت زیادہ سے زیادہ 1200 روپے تک ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں