بھارت نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی


نئی دہلی: 

دنیا بھر میں امریکا کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک بھارت نے آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین کی ہنگامی حالت میں استعمال کی منظوری دیدی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے سال نو کے موقع پر ملک بھر میں ایمرجنسی کی صورت میں کورونا ویکسین کے استعمال کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی ویکسین کی منظوری دیدی ہے۔

اس حوالے سے بھارتی حکومت کی جانب سے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے فائزر، میڈورنا، سائنو فارم اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسنز کا جائزہ لیا اور قرعہ فال آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین کے نام نکلا تاہم ابھی ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کی جانب سے مہر ثبت کرنا باقی ہے جو کہ ایک رسمی کارروائی ہوگی۔

بھارت آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا تیسرا ملک بن گیا ہے اس سے قبل برطانیہ اور ارجنٹائن منظوری دے چکے ہیں۔ علاو ازیں بھارت میں مقامی سطح پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی منظوری بھی دیئے جانے کا امکان ہے جس کی 50 ملین خوراکیں تیار ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرائل کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا  کی مشترکہ طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین 70.4 فیصد تک موثر پائی گئی ہے جب کہ فائزر اور بائیوٹیک این کی کورونا ویکسین کی ایفی کیسی 95 فیصد تک رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں