بھارت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، تعلیمی ادارے بند

بھارت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، تعلیمی ادارے بند


بھارت میں کورونا وائرس سے پہلا شخص ہلاک ہوگیا جس کے بعد دہلی میں تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس نے دنیا بھر میں پنجے گاڑ لیے اور 127 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔  بھارت میں کوروناوائرس سےمتاثرہ کیسز کی تعداد74 ہوگئی ہے اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد دارالحکومت نئی دہلی میں کوروناوائرس وبا قراردے دی گئی۔ بھارتی حکام کی جانب سے نئی دہلی میں تمام اسکول،کالج،سنیما،سوئمنگ پولز31مارچ تک بندکرنےکااعلان کردیا گیا ہے۔

حکام نے نئی دہلی میں عوام کواجتماعات سےدوررہنےکی ہدایات جاری کرنے کے ساتھ ممبئی میں تمام پبلک ایونٹس پر پابندی عائد کردی ہے۔ دیگر ریاستوں چھتیس گڑھ،منی پور،اترکھنڈ میں بھی اسکول کالج 31مارچ تک بندکردیےگئے۔

دوسری جانب دنیا بھر سے کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ رکا نہیں ہے اور ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ تاہم اب تک 70 ہزار سے زائد افرادصحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

نیو یارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ فرانس، آئرلینڈ، آسٹریا، ترکی اور ناروے میں اسکول بند کردیے گئے۔ اسپین میں بھی صورتحال بے قابو ہوگئی۔ اٹلی میں گلیاں سنسنان  اور ہر طرف ہو کا عالم ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے میڈیکل چیف سمیت مزید 189 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1016 ہو گئی، جب کہ مریضوں کی تعداد15 ہزار سےزائد ہے۔

چین میں مزید 8 افراد کی ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 177 ہوگئی ہے جبکہ 21نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 800 سے زائد ہوگئی ہے۔

ایران میں بھی کورونا وائرس سے 429 ہلاکتوں کے بعد کیسز کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی،  جنوبی کوریا میں 67،اسپین میں 86،فرانس میں 61،امریکا میں 41 ہلاکتیں ہوچکیں۔

ادھر ترک وزیر صحت نے  ترکی میں کوروناوائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثر 22 کیسز سامنے آچکے ہیں ۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او ایک ہنگامی اجلاس میں کورونا کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں