نئی دلی:
بھارت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے مریضوں کے اہل خانہ کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے کیخلاف احتجاجاً ہیلمٹ پہن کر اور سروں پر طبی پٹی باندھ کر ڈیوٹی سر انجام دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کلکتہ سے شروع ہونے والی ڈاکٹرز کی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ دارالحکومت دہلی تک جا پہنچا ہے۔ حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز کو تحفظ کی فراہمی میں ناکامی پر ہیلمٹ پہن کر اور سر پر طبی امداد مہیا کرنے والی پٹی باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
آل انڈیا میڈیکل اسپتال دہلی اور عثمانیہ اسپتال سمیت ملک کے بڑے شہروں کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے انوکھے انداز سے احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اسپتالوں میں ہیلمٹ پہنے ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے نظر آئے جب کہ پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھی سروں پر مرہم پٹی باندھی۔
ڈاکٹرز کا مطالبہ تھا مریضوں کے ساتھ آنے والے اہل خانہ عملے کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جب کہ کوئی بھی ڈاکٹرز جان بوجھ کر مریضوں کی جان نہیں لیتا، ڈاکٹرز کا کام جان بچانا ہوتا ہے جس کے لیے عملہ دن رات کام کرتا ہے تاہم لواحقین اپنے پیاروں کی موت کا الزام دھر کرغنڈہ گردی کرتے ہیں۔
بھارت میں جونیئرز ڈاکٹرز کی ہڑتال کا آغاز گزشتہ ہفتے کلکتہ کے نیل رتن سرکر میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک مریض کے ہلاک ہوجانے پر لواحقین کی جانب سے ڈاکٹرز کے ساتھ مارپیٹ کرنے اور اسپتال میں توڑ پھوڑ کے بعد ہوا، بعد ازاں ڈاکٹرز کی تنظیموں اور سینیئرز ڈاکٹرز نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔
ڈاکٹرز کی ہڑتال اور احتجاج میں تیزی وزیراعلیٰ بنگال ممتا بنرجی کے اس متنازع بیان کے بعد آئی جس میں وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ ڈیوٹی کے دوران پولیس اہلکار بھی اپنی جان دیتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پولیس کام کرنا ہی بند کردے