بھارتی ریاست تامل ناڈو کی پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایسی سزا دی جس نے سب کی ہوائیاں اڑا دی ہیں۔
ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 4 بڑے شہروں جن میں چنئی، کوئمبتور، مادورائی، تریپور اور سالم میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
مکمل لاک ڈاؤن کے باوجود عوام کی جانب سے خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے جس پر ریاستی پولیس نے نوجوان کو ایسی انوکھی سزا دی ہے جس نے سب کی ہوائیاں ہی اڑا دی ہیں۔
تامل ناڈو پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سوار تین لڑکوں کو پولیس ناکے پر روکتی ہے۔
پولیس اہلکار نوجوانوں کو اٹھا کر ایمبولینس میں ڈالتے ہیں جس میں پہلے سے موجود مریض کو کورونا وائرس سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔
نوجوان زبردستی ایمبولینس میں ڈالنے پر شدید مزاحمت کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود سپاہی ایمبولینس میں ڈال دیتے ہیں۔
نوجوان جعلی مریض سے بچنے کیلئے اس سے بار بار معافی مانگتے رہے اور اس دوران ایمبولینس کی کھڑکیوں سے باہر چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی اور آئندہ باہر نکلنے سے توبہ کرلی۔
ویڈیو کے آخر میں خاتون پولیس افسر نے واقعے پر معافی مانگی اور ساتھ ہی عوام سے سماجی فاصلہ رکھنے کی اپیل کی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 722 افراد ہلاک اور ساڑھے 23 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔