بھارت میں زندہ جلائی گئی ریپ کی متاثرہ لڑکی دم توڑ گئی


FILE PHOTO: The burns casualty ward of a hospital where a 23-year-old rape victim, who was set ablaze by a gang of men, including the alleged rapist, is being treated, is pictured in New Delhi, India, December 6, 2019. REUTERS/Adnan Abidi/File Photo

بھارت کی ریاست اُتر پردیش میں عدالت جاتے ہوئے جلائی گئی ریپ کا شکار 23 سالہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا تھا کہ متاثرہ لڑکی ریپ کیس کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے اناؤ جانے والی ٹرین میں سوار ہونے جارہی تھی کہ اس پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادی گئی۔

متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق اسے آگ لگانے میں 5 افراد ملوث تھے، جن میں اس کا ریپ کرنے والا ملزم بھی شامل تھا۔

مذکورہ واقعہ بھارت میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران منظر عام پر آنے والا خواتین کے خلاف دوسرا جرم ہے، جس نے عوام کی توجہ حاصل کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ریپ کا شکار لڑکی کو عدالت جاتے ہوئے جلادیا گیا

اس سے قبل حیدرآباد دکن میں ایک 23 سالہ ڈاکٹر کو ریپ کے بعد قتل کر کے لاش کو آگ لگادی گئی تھی، جس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز پولیس نے چاروں ملزمان کو پولیس حراست سے فرار ہونے کی مبینہ کوشش پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جس پر عوام کی اکثریت خوش دیکھی گئی۔

ادھر عدالت جاتے وقت جلائی گئی لڑکی کا دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال میں علاج کرنے والی ڈاکٹر شلبھ کمار نے بتایا کہ وہ جمعے کے روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔

مزید پڑھیں: بھارت: 22 سالہ لڑکی کا ریپ کے بعد قتل، لاش جلادی گئی

تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی 95 فیصد جھلس چکی تھی، اس کی سانس کی نالی بھی جل چکی تھی جس کے باعث پھیپھڑے گرم اور زہریلے بخارات سے بھر چکے تھے۔

پولیس دستاویز کے مطابق متاثرہ لڑکی نے مارچ میں اناؤ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ اسے 12 دسمبر 2018 کو اسلحے کے زور پر ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔

مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے ضمانت ملنے پر اسے جیل سے رہائی مل گئی تھی۔

خیال رہے کہ اتر پردیش بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے اور خواتین کے خلاف جرائم کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے بدنام ہے، جہاں صرف 2017 میں ریپ کے 4 ہزار 2 سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو پورے بھارت میں سب بڑی تعداد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: لڑکی کو ریپ کے بعد قتل کرنیوالے 4 ملزمان ’پولیس مقابلے‘ میں ہلاک

اتر پردیش حکومت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) کے پاس ہے، جس پر جولائی میں اپوزیشن کی جانب سے ریپ کے ملزمان کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں