بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ان ہی واقعات کی روک تھام کے لیے دہلی میں اسکول کے طالبِ علموں سے حلف لیا گیا۔
بھارتی دارالحکومت دہلی کے وزیراعلیٰ اَروند کیجریوال نے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے سرکاری اور نجی اسکول کے 22 لاکھ بچوں سے حلف لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول کے نوجوان لڑکوں سے حلف لینے کا یہی مقصد ہے کہ وہ خواتین کی عزت کریں کیونکہ ان ہی نوجوانوں میں سے کئی لڑکے آگے جا کر خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں ملوث ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
بھارت میں زیادتی کا شکار ایک اور لڑکی قتل
بھارت: خاتون ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک
جنسی زیادتی اور جبری مشقت: بھارت خواتین کیلئے سب سے خطرناک ملک قرار
اس حوالے سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ ’ہم نے خواتین کی حفاظت کے لیے نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں ہم نے اسکول کے 22 لاکھ بچوں سے حلف لیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے سی سی ٹی وی کیمرا اور اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی ہیں لیکن اس مسئلے کے حل کے لیے ہمیں سب سے پہلے لوگوں کے دماغوں کو تبدیل کرنا ہے، ہمیں دہلی کو اس طرح بنانا ہے کہ یہاں خواتین رات میں بھی بلا جھجک اکیلے نکل سکیں‘۔
دہلی میں اسکول کے بچوں نے حلف لیتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہمیشہ خواتین کی عزت کریں گے اور ان سے کبھی برا سلوک نہیں کریں گے‘۔
حلف لیتے ہوئے لڑکیوں سے بھی یہ کہا گیا کہ وہ اپنے گھر میں بھائیوں سے بھی یہی حلف اٹھوائیں گی اور انھیں قائل کریں کہ وہ خواتین کے ساتھ اچھا سلوک کریں گے۔
دہلی کے وزیراعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ جنسی تشدد کے حوالے سے اسکولوں میں ہر تین یا چار ماہ بعد انٹراکٹو سیشن منعقد کریں گے۔