نئی دہلی: بھارت میں جنونی انتہا پسند ہندوؤں نے گائے چوری کا الزام لگا کر ایک اور مسلمان کی جان لے لی۔
ٹائمز ناؤ کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں مشتعل ہجوم نے گائے چوری کے الزام میں 55 سالہ محمد کابل کو تشدد کرکے ہلاک کیا۔
جنونی ہندوؤں کے ہاتھوں مسلمان کے قتل کا یہ واقعہ 30 دسمبر کو پیش آیا تھا، تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد کابل رحم کی اپیل کرتا رہا، لیکن کسی نے اس کی ایک نہ سنی۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ خبر میڈیا پر آئی، جس کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے نام ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آنے کے بعد سے گئوکشی کے معاملے پر متعدد مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔