بھارتی ریاست کیرالہ میں شوہر نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے ہی بیٹے کے سامنے بیوی کو شراب پلا کر گینگ ریپ کردیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بیوی کو زبردستی شراب پلانے کے بعد دوستوں کے ہمراہ ریپ کرنے کے الزام میں شوہر سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ریاستی پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ 4 جون کو پیش آیا اور 25 سالہ خاتون کو اس کے 5 سالہ بیٹے کے سامنے ریپ کیا گیا۔
علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کے 5 سالہ بیٹے نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون کے شوہر اور ا س کے دوستوں کے خلاف تشدد، گینگ ریپ اور اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مفرر ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ واقعہ بچے کے سامنے پیش آیا اس لیے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی شق بھی مقدمے میں شامل کی گئی۔
دوسری جانب کیرالہ اسٹیٹ ویمن کمیشن نے بتایا کہ خاتون کا شوہر اپنی بیوی اور دو چھوٹے بچوں کو پہلے ساحلی پٹی پر لے کر گیا اور اس کے بعد اپنے دوست کے گھر پہنچا جہاں اس نے اپنی بیوی کو زبردستی شراب پلائی اور اس کا گینگ ریپ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون نیم بےہوشی کی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی اور ایک نوجوان سے مدد طلب کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں نوجوان نے پولیس کو مطلع کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت کے ادارے ’نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ’ریپ‘ کیا جاتا ہے۔
این سی بی آر کی 2017 کی رپورٹ کے مطابق بھارت بھر میں خواتین کے خلاف تشدد، ریپ، ان پر تیزاب سے حملے، انہیں ہراساں کرنے سمیت دیگر صنفی تفریق کے واقعات میں اضافہ ہوگیا اور گزشتہ برس 2016 سے زیادہ جرائم ریکارڈ کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2017 میں مجموعی طور پر بھارت بھر میں خواتین کے خلاف جرائم و تشدد کے 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے زیادہ تر ’ریپ‘ کے کیسز تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف 2017 میں بھارت بھر میں 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد خواتین کا ’ریپ‘ اور ’گینگ ریپ‘ ہوا۔