بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا 4 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔
وفد میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا شامل ہیں۔
اس کے علاو ڈائریکٹر بی سی سی آئی اور سیکریٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے وفد نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ راجر بنی اور راجیو شکلا کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی وفد نے ہماری دعوت قبول کی اور یہاں آئے، ہمیں بہت اچھا لگا، اس طرح سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
پی سی بی کیساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، راجیو شکلا
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ایشیا کپ چل رہا ہے، پاکستان میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر یہاں آئے ہیں، پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور اچھے ہیں۔
ذکا اشرف صاحب کا شکریہ جنہوں نے خوش آمدید کیا، راجر بنی
بھارت کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی نے کہا کہ 2006 کے بعد اب پاکستان آکر اچھا لگا، ذکا اشرف صاحب کا شکریہ جنہوں نے خوش آمدید کیا۔
راجر بنی کا کہنا ہے کہ افغانستان اور سری لنکا کا میچ کل دیکھیں گے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھارتی وفد کا استقبال کرنے لاہور کے ہوٹل پہنچے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اُمید ہے بھارت میں بھی فرینڈلی حکومت آجائے گی۔
بھارت سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا تھا کہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے ہماری حکومت جو فیصلہ کرے گی ہم ویسا ہی کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی ہمیشہ شاندار رہی، پاکستانی کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔
راجر بنی نے کہا کہ میں نے آخری بار 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ہم نے پہلے کولمبو میں میچز دیکھے اور اب پاکستان میں میچز دیکھیں گے۔