بھارتی پولیس نے اے آر رحمٰن کا لائیو کنسرٹ کیوں روکا؟

بھارتی پولیس نے اے آر رحمٰن کا لائیو کنسرٹ کیوں روکا؟


عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار اے آر رحمٰن کا پونے میں لائیو کنسرٹ روکنے پر بھارتی پولیس نے وضاحت دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اے آر رحمٰن اتوار کو پونے میں لائیو پرفارم کر رہے تھے کہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لائیو کنسرٹ کو روکنے کا مطالبہ کیا اور اس  واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔

اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ گلوکار کے کنسرٹ کا مقررہ وقت رات 10 بجے تک کا تھا اور اسی لیے مقررہ وقت ختم ہونے پر کنسرٹ کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پونے پولیس کے ڈی سی پی زون 2 سمرتانا پاٹل نے کہا کہ اے آر رحمٰن کنسرٹ میں اپنا آخری گانا گا رہے تھے اور گاتے ہوئے اُنہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ رات کے 10 بج چکے ہیں اور سپریم کورٹ کے قوانین کے مطابق کنسرٹ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا ہے، اس لیے ہمارے پولیس اہلکار جوکہ وہاں موجود تھے وہ گلوکار کے پاس گئے اور انہیں یاد دلایا جس کے بعد گلوکار نے اپنی پرفارمنس روک دی۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین بھارتی پولیس کے اس اقدام پر تنقید بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔

اس حوالے سے اے آر رحمٰن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پونے میں گزشتہ رات ملنے والی محبت اور  شائقین کے جوش و خروش کے لیےشکریہ!‘

اُنہوں نے لکھا کہ یہ ایک زبردست کنسرٹ تھا! اس میں کوئی تعجب نہیں کہ پونے کلاسیک موسیقی کا گھر ہے!

اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں آپ سب کے ساتھ دوبارہ گانے کے لیے جلد ہی واپس آؤں گا!

یاد رہے کہ اے آر رحمٰن کا یہ کنسرٹ پونے کے راجہ بہادر مل کے علاقے میں ہوا، جس کا مقررہ وقت  رات 8 بجے سے رات 10 بجے تک تھا۔

گلوکار نے مقررہ وقت سے تجاوز کیا تو مبینہ طور پر افسران نے اُنہی کی پرفارمنس رُکوادی اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں