بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 4 کشمیری نوجوان شہید


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے خارجی اور داخلی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کیساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا گیا۔ قابض بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

ادھر شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے قابض بھارتی فوج کے خلاف اور جدو جہد آزادی کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کے جھوٹ کا پرداہ فاش کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والے نوجوانوں کو گرفتار کر کے ریاستی ٹارچر سیل میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی اور ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ قرار دیا تھا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت فیاض، عادل، محمد شاہد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ چوتھے نوجوان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں