نامور بھارتی ہدایتکار و فلم ساز وویک اگنی ہوتری نے بالی ووڈ اسٹارز کو احمق و بے وقوف قرار دے دیا۔
وویک اگنی ہوتری بالی ووڈ پر بےباک انداز میں تنقید کرتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی روش برقرار رکھی۔
ایک تازہ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں اکثر بالی ووڈ فلمیں ان میں موجود اداکاروں کی وجہ سے احمقانہ نظر آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ کم عقل اور کم صلاحیت والے اداکاروں کی وجہ سے ان کے کیریئر کو یہاں تک خطرہ پہنچا کہ انہوں نے فلمی دنیا سے ہی کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے سوچ لیا تھا۔
وویک نے پوڈ کاسٹ کے دوران کہا کہ مجھے محسوس ہوگیا تھا کہ جن اداکاروں کے ساتھ میں کام کر رہا ہوں وہ غیر تعلیم یافتہ ہیں اور انہیں اس دنیا کی ہی سمجھ نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے آپ کو ان اداکاروں سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ان سے ذہین ہوں اور میری زمانہ شناسی ان اداکاروں سے بہت بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اداکاروں کی بےوقوفی مجھے تنزلی کی جانب لے جارہی تھی۔ یہ اتنے بےوقوف ہیں کہ یہ اپنے ساتھ آپ کو بھی پستی کی طرف لے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اداکاروں کی کم صلاحیتیں ہی فلم، اس کے ڈائریکٹر اور رائٹر وغیرہ سے متعلق دیکھنے والوں میں منفی تاثر پیدا کردیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کا دارومدار ہدایتکاروں سے زیادہ اداکاروں پر ہوتا ہے۔ لہٰذا ایسے ہی کچھ کم صلاحیتوں کے حامل اسٹارز کی وجہ سے میں نے خود کو ذہنی طور پر بالی ووڈ سے علیحدہ کرلیا تھا۔
انہوں نے بالی ووڈ کی جنوبی بھارتی فلموں کے سامنے پستی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ لوگ بہت ذہین ہیں، بالی ووڈ ایک ہی طرح کا مواد فلموں میں دکھا رہا ہے تو کیسے لوگ ایسی فلمیں دیکھیں گے؟
واضح رہے کہ پوڈ کاسٹ کے دوران وویک اگنی ہوتری نے کسی بھی اداکار کا نام نہیں لیا۔