دنیا بھر میں فلموں کی کامیابی کا پیمانہ ان کے بزنس اور سینما گھروں میں ان کی مستقل نمائش سے جانچا جاتا ہے۔ بالی ووڈ میں بھی فلموں کی کامیابی ناپنے کے لیے یہی فارمولا رائج تھا۔ آج کے ملٹی پلیکسز سینما دور میں فلموں کی ریلیز کے ابتدائی دنوں کا بزنس ہی طے کردیتا ہے کہ فلم کامیاب ہوگی یا فلاپ۔ آج کے دور میں بڑی کامیاب فلمیں بھی بمشکل تھیٹروں میں 100 دنوں کی نمائش مکمل کرپاتی ہیں۔ لیکن چند سال قبل تک ایسا نہیں تھا بلکہ بھارت کی کئی فلموں نے لمبے عرصے تک نمائش کا ریکارڈ قائم کیا۔
یہاں بالی ووڈ کی ان دس کامیاب ترین فلموں کے تذکرہ کیا جارہا ہے جو طویل عرصے تک تھیٹروں میں نمائش پذیر رہیں۔
1۔ دل والے دلہنیا لے جائیں گے
ادیتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ نمائش کے اعتبار سے بالی ووڈ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم ہے۔ یہ فلم 20 اکتوبر 1995 کو ریلیز کی گئی اور 24 سال گزر جانے کے باوجود آج بھی ہندوستان کے سینما میں نمائش پذیر ہے۔ ’’مراٹھا ٹیمپل‘‘ میں 1225 ہفتوں سے اس فلم کا ایک شو آج بھی روزانہ ہوتا ہے۔ ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ نے 10 فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔ فلم کے مرکزی کردار شاہ رخ خان اور کاجول نے ادا کئے ہیں۔
2۔ شعلے
15 اگست 1975 کو رمیش سپی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’’شعلے‘‘ کو انڈیا کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم کا درجہ حاصل ہے۔ آج بھی اس فلم کے ڈائیلاگ زبان زدِ خاص و عام ہیں۔ بچوں و بڑوں میں یکساں مقبول یہ فلم 5 سال تک سینما گھروں کی زینت بنی رہی۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں امیتابھ بچن، دھرمیندرا، سنجیوکمار، ہیما مالنی، جیا بہادری اور امجد خان شامل ہیں۔
3۔ مغل اعظم
شہزادہ سلیم اور انارکلی کی دکھ بھری محبت کی داستان پر بنائی جانے والی فلم ’’مغل اعظم‘‘ کو بھی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ فلم 5 اگست 1960 کو ریلیز کی گئی اور 3 سال تک مسلسل سینما گھروں میں نمائش کی گئی۔ اگلے 15 برسوں تک اس فلم کو انڈیا میں سب سے زیادہ چلنے والی فلم کا اعزاز حاصل رہا۔ فلم نے ایک نیشنل ایوارڈ اور تین فلم فیئر ایوارڈز بھی حاصل کئے۔ فلم کے مرکزی کردار دلیپ کمار، مدھوبالا اور پرتھوی راج کپور نے ادا کئے تھے۔ یہ اپنے دور کی سب سے مہنگی فلم تھی۔ بلیک اینڈ وائٹ دور میں بنائی گئی اس فلم کو بعد ازاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کلر پرنٹ کے ساتھ حالیہ دور میں دوبارہ ریلیز کیا گیا۔
4۔ قسمت
رائٹر وڈائریکٹر گیان مکھرجی کی فلم ’’قسمت‘‘ کو انڈیا کی پہلی بلاک بسٹر فلم سجھا جاتا ہے۔ یہ فلم 1943 میں ریلیز ہوئی اور کلکتہ کے روکسی سینما میں 187 ہفتے (تقریباً 3 سال) تک نمائش کی جاتی رہی۔ فلم کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اشوک کمار اور ممتاز شانتی کو اس فلم کی ریلیز کے 32 سال بعد تک لمبے عرصے تک اسٹار ہونے کا درجہ حاصل رہا۔
5۔ برسات
آرکے اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی فلم ’’برسات‘‘ جو 21 اپریل 1949 کو ریلیز ہوئی 2 سال تک سینما گھروں میں مسلسل نمائش کی گئی۔ یہ ایک میوزیکل بلاک بسٹر فلم تھی جس میں راج کپور اور نرگس نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
6۔ میں نے پیار کیا
سپر اسٹار سلمان خان کی بطور ہیرو پہلی فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘ 29 دسمبر 1989 میں ریلیز ہوئی اور ایک سال تک سینما گھروں کی زینت بنی رہی۔ سورج برجاتیہ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں ہیروئن کا کردار بھاگیہ شری نے ادا کیا تھا۔ اس فلم کو بالی ووڈ کی سب سے رومینٹک لو اسٹوری کا درجہ حاصل ہے۔ اس زمانے میں 2 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے تقریباً 28 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
7 ۔ ہم آپ کے ہیں کون؟
5 اگست 1994 کو ریلیز ہونے والی سورج برجاتیہ اور سلمان خان کی فلم ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اس فلم میں ہیروئن کا کردار مادھوری ڈکشت نے ادا کیا تھا۔ یہ فلم بھی ایک سال تک انڈیا کے مختلف سینما گھروں میں نمائش کی جاتی رہی۔ اس فلم کی لاگت 1.4 کروڑ تھی اور اسے انڈیا کی پہلی 100 کروڑ کا بزنس کرنے والی فلم مانا جاتا ہے۔
8۔ راجہ ہندوستانی
سپر اسٹار عامر خان اور کرشمہ کپور کی ’’راجہ ہندوستانی‘‘ جو 15 نومبر 1996 کو ریلیز ہوئی ایک سال تک سینما گھروں کی زینت بنی رہی۔ فلم کے ڈائریکٹر دھرمیش درشن تھے۔ 5.75 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے اس زمانے میں 76.34 کا بزنس کیا تھا۔
9۔ کہو نہ پیار ہے
راکیش روشن کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’’کہو نہ پیار ہے‘‘ جو ریتھک روشن اور امیشا پاٹیل کی ڈیبو فلم تھی 14 جنوری 2000 میں ریلیز ہونے کے تقریباً ایک سال تک سینماؤں میں نمائش کی جاتی رہی۔ اس فلم نے مختلف کیٹیگریز میں سن 2000 کی ایوارڈ شوز میں تقریباً 102 ایوارڈز حاصل کئے۔
10۔ محبتیں
ڈائریکٹر ادیتیہ چوپڑا کی فلم ’’محبتیں‘‘ میں بالی ووڈ کے دو شہنشاہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ 27 اکتوبر 2000 میں ریلیز ہوئی یہ فلم بھی ایک سال تک سینما کی زینت بنی رہی۔ 11 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی اس فلم نے مقامی مارکیٹ میں 70.62 اور فارن مارکیٹ میں 20 کروڑ کا بزنس کیا۔ فلم کا ٹوٹل ٹرن اوور دنیا بھر میں 90 کروڑ تھا جو اس سال ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ تھا