بھارتی براڈکاسٹر کے خلاف پی سی بی کا عالمی ثالثی عدالت سے رجوع


لاہور: پی ایس ایل میچز دکھانے سے انکار کرنے والے بھارتی براڈکاسٹر کے خلاف پی سی بی نے لندن کی  عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرلیاہے۔

پی سی بی نے دوران ایونٹ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر نقصان کا ازالہ کرنے اور داد رسی کی درخواست کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی براڈ کاسٹر آئی ایم جی آر کے درمیان  پی ایس ایل 2019 کے  تمام میچز  براہ راست دکھانے کا معاہدہ تھا تاہم  صرف سات میچز کے بعد براڈکاسٹرزنے معاہدے کی پاسداری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کام روک دیاتھا۔

براڈکاسٹر  حکام کے اس اچانک  فیصلے اور ایونٹ  کو خراب کرنے کی  کوشش پرپاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل میچز جاری رکھنے میں نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ سخت سبکی  کے ساتھ  شدید  ذہنی کوفت بھی   برداشت کرنا پڑی۔

پی سی بی حکام نے فوری طورپر متبادل بندوبست کرکے ان میچز کو ٹی وی پر دکھانا ممکن بنایا۔

ذرائع کے مطابق  لندن کی اس عالمی  ثالثی عدالت میں کیے جانے والےمقدمے میں  بطور ہرجانہ ایک بھاری رقم وصول  کرنے کا  مطالبہ کیاگیاہے تاہم  اس کی تفصیلات ابھی  خفیہ رکھی جارہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں