بھارتی اداکار عمران خان نے آخرکار اونتیکا ملک سے طلاق کی وجہ بتا دی

بھارتی اداکار عمران خان نے آخرکار اونتیکا ملک سے طلاق کی وجہ بتا دی


بالی ووڈ اداکار عمران خان نے پہلی بار اپنی سابقہ ​​اہلیہ اونتیکا ملک سے طلاق اور تعلقات میں پیدا ہونے والے بگاڑ سے متعلق بات کی ہے۔

معروف اداکار عامر خان کے بھانجے، عمران خان ماضی کے نامور فنکار رہ چکے ہیں، ان کی فلم ’جانے تو یا جانے ناں‘ نے بے حد مقبولیت حاصل کی تھی۔

اس فلم میں انہوں نے نرم مزاج اور لڑائی جھگڑے سے بھاگنے والے لڑکے کا کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد ان کا ایک ’سافٹ امیج‘ بن گیا تھا جسے لڑکیوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

بعد ازاں ان کی ریلیز ہونے والی ہر فلم فلاپ رہی جس کے بعد انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

اسی دوران عمران خان کی اہلیہ اونتیکا ملک سے  طلاق بھی ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ عمران خان اور اونتیکا ملک کی 2011ء میں شادی ہوئی تھی، 2019 میں جوڑے نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اداکار نے اب حال ہی میں پہلی بار اپنی طلاق پر بات کرتے ہوئے اس کے پیچھے چھپی وجہ بتائی ہے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کو انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ڈپریشن سے گزر رہے تھے اور انہیں احساس ہوا کہ ان کی شادی ناکام ہو رہی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اوپر بننے والی خبروں پر ایندھن نہیں ڈالنا چاہتے تھے مگر اُس وقت وہ بہت سارے مسائل سے لڑ رہے تھے، اُنہیں محسوس ہوا کہ اُن کی شادی اور یہ رشتہ اُن کے لیے کوئی مدد کا ذریعہ نہیں بن رہا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ایک مثالی شادی میں دونوں افراد کو ایک دوسرے کو بہتر زندگی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، صحت مند اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاہم اُن کا اہلیہ کے ساتھ رشتہ کمزور تھا اور اسی وجہ سے وہ اہلیہ سے الگ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور اُن کی سابقہ اہلیہ دونوں مل کر اپنی بیٹی عمارہ کی پرورش کر رہے ہیں۔

اداکار کا بھارتی میڈیا ’زوم‘ کو بتانا تھا کہ اُن کی بیٹی عمارہ جمعرات سے اتوار تک ان کے ساتھ رہتی ہے، ان دنوں میں وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ کوئی اور کام نہ کریں اور بس اپنی بیٹی کو توجہ دیں، اسے وقت پر اسکول چھوڑیں اور اس کی بھرپور دیکھ بھال کریں۔

عمران خان اور اونتیکا ملک کی محبت کی کہانی جو طلاق پر ختم ہوئی:

عمران اور اونتیکا اسکول کے دور سے ایک دوسرے کو جانتے اور اچھے دوست تھے، جوڑے نے 19 سال کی عمر میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور 2010ء میں ان کی منگنی ہوئی تھی۔

منگنی کے ایک سال بعد اس جوڑی نے پالی ہلز میں عامر خان کے گھر سول سروس میں شادی کر لی تھی۔

اس جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش 2014ء میں ہوئی تھی تاہم شادی کے آٹھ سال بعد عمران اور اونتیکا نے راستے جدا کر لیے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں