بھارتی اداکارہ ڈکیتی کی مزاحمت کرنے پر قتل

بھارتی اداکارہ ڈکیتی کی مزاحمت کرنے پر قتل


بھارتی اداکارہ ریا کماری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویسٹ بنگال کے ضلع ہاوڑہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں جھارکنڈ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ریا کماری کو ڈکیتی کی مزاحمت کرنے پر قتل کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ریا کماری اپنی 2 سالہ بیٹی اور شوہر پراکاش کمار کے ہمراہ نیشنل ہائی وے سے کلکتہ جارہی تھی۔

دوران سفر انہوں نے صبح 6 بجے کے قریب مہیش ریکھا کے علاقے میں تھوڑی دیر رکنے کا فیصلہ کیا تو 3 افراد نے ان کو لوٹنے کے لیے حملہ کردیا۔

اسی دوران ریا کماری نے اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کی تو ملزمان نے ان پر فائر کردیا جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریا کماری کے شوہر اور فلم پروڈیوسر پراکاش کمار نے انہیں بچانے کی بہت کوشش کی لیکن کئی دور تک بھی کوئی مدد نہ مل سکی۔

بعد ازاں کچھ لوگ نظر آئے جو انہیں قریبی اسپتال لے گئے جہاں پہنچنے سے قبل ہی ریا کماری اپنی جان کی بازی ہار گئی تھی۔

اس پورے معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ فرانزک کے لیے گاڑی کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ریا کماری کے شوہر سے بھی سوال و جواب کیے جارہے ہیں جب کہ جن لوگوں نے اسپتال پہنچانے میں ان کی مدد کی انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں