بھارت؛ جہیز میں بائیک اور تین لاکھ نہ ملنے پر شوہر نے بیوی کو تشدد کرکے مار ڈالا


امروہہ: سسرالیوں کی طرف سے جہیز کی مانگ پوری نہ  ہونے پر شوہر نے تشدد کرکے بیوی کو مار ڈالا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جہیز کی مانگ پوری  نہ ہونے پر بیوی کو تشدد کرکے جان سے مار دینے کا  افسوس ناک واقعہ  بکھیڑا نامی گاؤں میں پیش آیا جہاں سندر نامی شخص نے اپنی بیوی مینا کو جہیز  میں ٹی  وی ایس  اپاچی بائیک اور  تین لاکھ روپے نہ لانے پر تشدد کرکے مار ڈالا۔

مینا کے والدنے بتایا کہ دو سال قبل انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی سندر سے کی تھی۔ اسی وقت وہ جہیز میں بائیک اور تین لاکھ نقدی دینے کا مطالبہ  کررہا تھا۔ وہ مینا کے ساتھ مار پیٹ بھی کرتا تھا۔ اس کی مارپیٹ سے تنگ آکر مینا اپنے والدین کے گھر آگئی تھی اور رکھشا بندھن کے تہوار ہی سے وہیں تھی۔

مینا کے ایک قریبی عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ سندر روزانہ ہی اپنے سسرال آجاتا تھا اور وہیں کھانا کھاتا تھا۔ اتوار کی شب بھی وہ اپنے سسرال آیا اور مینا کو اپنے گھر واپس لے گیا۔

سندر کے پڑوسی نے پولیس کوبتایا کہ بیوی کو گھر واپس لانے کے بعد سندر نے اس سے جہیز کے حوالے سے جھگڑنا شروع کردیا تھا۔ اس کی چیخ پکار کی آواز پوری گلی میں گونج رہی تھیں۔ پھر اس نے لاٹھی سے مینا کو مارنا شروع کردیا اور آخر میں اس کا گلا دبا دیا۔ مینا کے بے حس و حرکت ہوجانے پر وہ گھر سے بھاگ گیا، گھر میں سندر کی ماں بہن اور دوسرے لوگ بھی تھے مگر کسی نے مینا کو نہیں بچایا۔

مینا کے مرنے کے خبر پھیلی تو اس کے گھر والے بھی آگئے اور تھانے جاکر پولیس سے سندر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں مینا کےو الد نے سندر، اس کی ماں، بہن اور چار دیگر افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرادیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں