جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان اپنے بھائی اور میر جاوید رحمان کی تدفین کے لیے کراچی پہنچ گئے۔
گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور نے جنگ اور جیوگروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا جس کے بعد میر شکیل الرحمان رات گئے ہی کراچی پہنچ گئے تھے۔
نیب عدالت کے ایڈمن جج جوادالحسن نے ہدایت کی کہ میر شکیل الرحمٰن کو مقررہ تاریخ 7 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ میرشکیل الرحمٰن کو اپنے بھائی کی تدفین میں شرکت کی اجازت انصاف کےتقاضوں اور انسانی ہمدردی کے تحت دی جاتی ہے۔
ان کے کراچی جانے کی اجازت پر نیب پراسیکیوٹر نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا جس پر انہیں کراچی جانے کی اجازت دیدی گئی۔
جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید رحمان گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے جن کی تدفین آج کراچی میں ہو گی۔
میر شکیل الرحمان 12 مارچ سے لاہور میں نیب کی حراست میں ہیں۔ میڈیا، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں، وکلا تنظیموں اور انسانی حقوق کی نمائندہ تنظیموں نے میر شکیل الرحمان کی نیب حراست کی شدید مذمت کی ہے اور اسے صحافت کی آزادی پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔