لاہور:
بکیز کے نت نئے طریقوں پرحکام سرپکڑ کر بیٹھ گئے جب کہ بھارتی گاؤں میں میچ کو سری لنکن ٹی ٹوئنٹی لیگ کا حصہ بناکر لائیو اسٹریم کر دیا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ نہ ہونے سے بکیز کا کام بھی ٹھپ ہو چکا، انھوں نے اب نئی راہیں تلاش کرنا شروع کر دی ہیں،گذشتہ دنوں ایک عجیب واقعہ یہ ہوا کہ چندی گڑھ کے قریبی گاؤں ساورا میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا۔
اسے لائیو اسٹریم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سری لنکا کے بندولا سٹی میں جاری یووا لیگ کا مقابلہ ہے، اس میچ نے بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی توجہ حاصل کرلی، یہ جاننے کی کوشش ہورہی ہے کہ بھارت میں میچ کیسے ممکن ہوا، اسے سری لنکا سے جوڑنے والوں میں بکیز کا کوئی عمل دخل تو نہیں۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طورپر شرطیں لگانے کے لیے میچ کا انعقاد ہوا۔ دوسری جانب مقامی پولیس نے میچ کرانے اور لائیو اسٹریم کرنے والوں کی تلاش شروع کردی، اب تک2 افراد کوگرفتارکیا گیا ہے، سری لنکا کی جس کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ اس میچ کا تعلق جوڑا گیا اس نے بھی لاتعلقی کا اظہار کردیا۔
صوبہ یووا کے سیکریٹری باگیرادن نے کہاکہ ہماری ایسوسی ایشن بہت زیادہ فعال نہیں نہ ہی کوئی کرکٹ سرگرمی ہورہی ہے،شاید جعل سازوں نے اسی لیے ہمارانام استعمال کیا کہ شور نہیں مچے گا، بہرحال اب معاملہ کھل کر سامنے آگیا تو اپنے کرکٹ بورڈ کو مطلع کریں گے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اگر فکسنگ ہوئی تو ایک بڑاجرم ہے، پولیس ہی کارروائی کرے گی، ہماری دلچسپی حقائق جاننے تک ہے۔