فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز اور کئی فلموں کے ہیرو ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ 2023 میں بڑی عید پر فلم ریلیز نہ کرنے کا افسوس ہے۔
جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا، جیسی کامیاب فلموں کے ہیرو اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید پر فلم ریلیز نہ کرنے کی وجہ اسکرپٹ کا مکمل نہ ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب اسکرپٹ مکمل ہوا تو نومبر، دسمبر، جنوری اور فروری نکل چکے تھے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اب اگر ہم شوٹنگ شروع کرتے ہیں تو پاکستان میں سخت گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ہماری فلم کی زیادہ تر شوٹنگ آؤٹ ڈور ہونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے فلم شائقین سے معذرت چاہتا ہوں کہ ہر سال کی طرح اس عید پر کوئی فلم ریلیز نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2023 کے دسمبر میں ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’لو گرو ‘ ریلیز کریں گے جس کی شوٹنگ رواں برس جون میں شروع ہو گی۔