اپنی فٹنس اور جوانی کے باعث زیر بحث رہنے والے پاکستان میوزک انڈسٹری کے مایہ ناز گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے بڑھتی عمر کے ساتھ بڑے ہونے کو بوڑھے ہونے پر ترجیح دے دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر شہزاد رائے نے مونا نامی ایک صارف کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے بڑھتی عمر کے ساتھ بڑے ہونے کو بوڑھے ہونے پر ترجیح دی۔
خیال رہے کہ مونا نے اپنی پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں گلوکار علی عظمت، عاطف اسلم اور اداکار فواد خان کی ماضی اور حال کی تصاویر کا موازنہ کیا گیا ہے جس میں ان پر بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں تاہم ان ہی تصاویر میں شہزاد رائے کی بھی تصاویر ہیں۔
مونا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘سب کچھ عارضی ہے لیکن شہزاد رائے کی جوانی مستقل ہے‘۔
مونا کی اس پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے شہزاد رائے نے لکھا کہ ’تبدیلی کے سوا کچھ بھی مستقل نہیں ہے۔ بڑھتی عمر کے ساتھ بڑا ہونا بوڑھے ہونے سے بہتر ہے‘۔
خیال رہے کہ شہزاد رائے سے اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ وہ ابھی تک اتنے فٹ کس طرح نظر آتے ہیں اور مذکورہ پوسٹ کے کمینٹس میں بھی صارفین ایک بار پھر یہ ہی سوال کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔