بچے کی تعلیم کی فکر سے ماں کو دل کا دورہ پڑ گیا


والدین کے لیے بچوں کی تربیت کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے اور خاص طور پر جب وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینے کے لیے کوشاں ہوتے ہیں اور وہ اس حد تک اس بات کو اپنے سر پر سوار کرلیتے ہیں جس سے ان کو نقصان کا بھی خدشہ ہوتا ہے،  ایسا ہی چین میں ہوا جب ایک ماں کو بچے کو پڑھاتے ہوئے دل کا دورہ پڑ گیا۔

چینی میڈیا کے مطابق چین کی  36 سالہ خاتون اپنے 9 برس کے بیٹے کو ریاضی کے سوالات سمجھا رہی تھیں مگر ان کے بیٹے کو یہ سوالات سمجھ نہیں آرہے تھے، خاتون اس وجہ سے بے حد تناؤ کا شکار ہوگئیں اور انہیں دل کا دورہ پڑ گیا۔

اس حوالے سے خاتون نے بتایا کہ ’میں نے اپنے بیٹے کو کئی مرتبہ سوالات سمجھائے مگر اس کو یہ سوال سمجھ نہیں آرہے تھے جس کی وجہ سے مجھے شدید غصہ آگیا، میرا دل اچانک تیزی سےدھڑکنے لگا اور میں سہی سے سانس بھی نہیں لے پا رہی تھی۔‘

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

خوش قسمتی سے خاتون کو فوراً ہی احساس ہوا کہ ان کے ساتھ کچھ عجیب سا ہورہا ہےتو انہوں نے اپنے شوہر کو فون کیا اور ان کے شوہر نے انہیں اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو ’مایوکارڈیل انفیکشن‘ کی تشخیص کی جسے عام طور پردل کا دورہ کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ بالکل سہی وقت پر  اسپتال میں داخل ہوگئیں کیونکہ اسپتال پہنچنے میں تھوڑی سی تاخیر بھی ان کی موت کا سبب بن سکتی تھی۔

خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو روزانہ پڑھاتی ہیں ، جب ان کے بیٹے کو سمجھ نہیں آتا تو وہ اکثر اس بات سے بے حد پریشان ہوجاتی ہیں لیکن انہوں نے ایسا کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ اس غصے سے ان کی صحت پر اس طرح کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ڈاکٹر ز کا کہنا تھاکہ اکثر یہ نو عمر ماؤں کے ساتھ ہوتا ہے کیونکہ وہ متوازن غذا کا استعمال نہیں کرتیں جس کی وجہ سے جذباتی اور نفسیاتی طور پر انہیں بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں