‘بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے’


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا اور سانحہ ساہیوال پیغام ہے کہ نئے پاکستان میں شہری بال بچوں کے ساتھ گھروں سے باہر نا نکلیں۔

ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں شہریوں کے مارے جانے کے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، اتنے بڑے سانحے کے بعد حکومت لاپتہ ہوگئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں دریائے نیل کے کنارے مرنے والے کتے کی ذمہ داری خلیفہ وقت اٹھاتا تھا، ریاستِ مدینہ کی پیروی کے دعویدار آج کے حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں، ایس ایس پیز اور آئی جیز کو تبادلہ کرنے والوں سے انصاف نہیں ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کردیا گیا ہے اور ٹوئٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتی۔


اپنا تبصرہ لکھیں