بچوں میں اے ڈی ایچ ڈی کا علاج کرنے والا ویڈیو گیم منظور کرلیا گیا


بوسٹن: 

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے باقاعدہ طور پر ایک ویڈیو گیم کی منظوری دیدی ہے جو توجہ بٹ جانے میں مبتلا بچوں کے لیے بطورِ خاص بنایا گیا ہے اور اس گیم کو بوسٹن کی ایک کمپنی، اکائلی انٹرایکٹو لیبس نے تیار کیا ہے۔

اس گیم کا نام  EndeavorRx رکھا گیا ہے جو 8 سے 12 سال کے بچوں کے لیے بطورِ خاص ڈیزائن کیا گیا ہے لیکن یہ گیم ڈاکٹروں کے نسخے کے بغیر نہیں دیا جاسکتا کیونکہ اے ڈی ایچ ڈی کی علامات کے بغیر یہ گیم کسی کام کا نہیں۔ واضح رہے کہ ’اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپرایکٹویٹی ڈس آرڈر‘ یا اے ڈی ایچ ڈی میں بچے ایک جگہ اپنی توجہ اور ارتکاز نہیں کرپاتے۔ اسی وجہ سے مسلسل ایک کام کی طرف تھوڑی دیر کے لیے توجہ رکھنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

اس طرح اے ڈی ایچ ڈی کا یہ پہلا ڈجیٹل علاج بھی ہوگا جس کی مدد سے بچوں کو اپنی توجہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ایف ڈی اے نے منظوری سے قبل اس گیم کو 600 بچوں پر آزمایا ہے جس میں مختلف کردار کسی تختے پر پھسلتے رہتے ہیں اور آگے بڑھتے ہیں۔ اس گیم میں  بچے کو اپنے اعصاب اور محسوس کرنے والے اعضا اور حرکتی اعصاب موٹرنروز کو مدِ نظر رکھنا پڑتا ہے جس سے ان میں توجہ اور اکتساب کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں