آنجہانی سری دیوی کے شوہر اور فلمساز بونی کپور اپنی صاحبزادی جھانوی کپور کے مقابلے میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے شاید کچھ پریشان نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سارہ کی مقبولیت کو پی آر ٹیم کا کارنامہ قرار دے ڈالا۔
واضح رہے کہ جھانوی کپور اور سارہ علی خان نے گزشتہ برس بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھا تھا۔
جانھوی کی ڈیبیو فلم ’دھڑک‘ تھی جبکہ سارہ علی خان نے فلم ’کڈرناتھ‘ میں پہلی بار اداکاری کے جوہر دکھائے اور بعد ازاں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’سمبا‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔
جانھوی نے اپنی فلم ’دھڑک‘ کی بھرپور انداز میں تشہیر کی تھی لیکن وہ میڈیا اور اپنے انٹرویوز سے مقبولیت سمیٹنے میں زیادہ کامیاب نہ ہوسکیں جبکہ ہنستی مسکراتی اور مزاحیہ شخصیت کی مالک سارہ علی خان نے سب کو متاثر کردیا۔
تاہم جانھوی کپور کے والد بونی کپور کو لگتا ہے کہ سارہ علی خان کی بڑھتی مقبولیت کے پیچھے ان کی پی آر ٹیم ہے۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بونی کپور کا کہنا ہے کہ جس طرح سارہ کی پی آر ٹیم نے ان کے لیے کام کیا، اس طرح جانھوی کی ٹیم نے کام نہیں کیا اور نتیجہ یہ رہا کہ سارہ آج جانھوی سے زیادہ توجہ کا مرکز بن چکی ہیں۔
انہوں نے اپنی بیٹی کو پی آر ٹیم تبدیل کرنے کی بھی تجویز پیش کی، تاکہ انہیں بھی سارہ جیسی مقبولیت مل سکے۔
دوسری جانب جانھوی کپور اپنے کیریئر کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور رپورٹس کے مطابق وہ فلم ’تخت‘ اور ایک بائیوپک فلم کی تیاری کر رہی ہیں۔