بولی وڈ فلموں کے لیے کوریوگرافی کرنے والی 33 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف کوریوگرافر گنیش اچاریہ نے انہیں ’پورن فلمیں‘ دیکھنے پر مجبور کیا۔
33 سالہ اسسٹنٹ کوریوگرافر نے گنیش اچاریہ کی جانب سے فحش فلمیں دیکھنے کے لیے مجبور کرنے سمیت ہراساں کرنے کے خلاف بھارت کی نیشنل کمیشن فار وویمن (این سی ڈبلیو) میں شکایت درج کروانے سمیت پولیس میں بھی رپورٹ کردی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق خاتون نے نہ صرف گنیش اچاریہ بلکہ اپنی دو ساتھی خواتین کے خلاف بھی پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے بھی انہیں ہراساں کیا۔
رپورٹ کے مطابق 33 سالہ اسٹنٹ کوریوگرافر نے پولیس اور نیشنل کمیشن وویمن میں درج کروائی گئی شکایت میں دعویٰ کیا کہ گنیش اچاریہ نے انہیں اپنے دفتر میں فحش فلمیں دیکھنے پر مجبور کیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کوریوگرافر کے کہنے پر فلمیں دیکھی یا نہیں؟
خاتون نے الزام عائد کیا کہ جیسے ہی کچھ ماہ قبل گنیش اچاریہ ’انڈین فلم اینڈ ٹیلی وژن کوریوگرافرز ایسوسی ایشن‘ (آئی ایف ٹی سی اے) کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے انہوں نے انہیں ہراساں کرنا شروع کیا۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ گنیش اچاریہ نے ان سے اپنی کمائی میں سے کمیشن دینے کا بھی کہا اور انہیں طرح طرح سے ہراساں کرنے لگے۔
یہ بھی پڑھیں: تنوشری دتہ نے گنیش اچاریہ سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کروادیا
اسسٹنٹ کوریوگرافر خاتون کا کہنا تھا کہ گنیش اچاریہ نے جہاں انہیں فحش فلمیں دیکھنے کے لیے دباؤ ڈالا وہیں اپنی کمائی سے کمیشن نہ دینے پر انہوں نے ان کی کوریوگرافرز ایسوسی ایشن کی رکنیت بھی معطل کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کی درخواست پر ممبئی پولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے گنیش اچاریہ کے خلاف تحقیقات شروع کردی تاہم پولیس نے فوری طور پر کوریوگرافر کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ دائر نہیں کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی خاتون نے گنیش اچاریہ بھی جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہو ان سے قبل اکتوبر 2018 میں بولی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے بھی ان پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا۔
تنوشری دتہ نے گنیش اچاریہ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے گانے کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ کو نامناسب ڈانس کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
بعد ازاں گنیش اچاریہ کے خلاف انہوں نے مقدمہ بھی دائر کروایا تھا تاہم کوریوگرافر پر الزام ثابت نہ ہونے پر پولیس نے ان کے خلاف دائر مقدمہ خارج کردیا تھا۔
تنوشری دتہ کے علاوہ معروف خاتون کوریوگرافر سروج خان نے بھی گنیش اچاریہ پر خواتین کی تذلیل کے الزامات لگائے تھے اور کہا تھا کہ وہ خواتین ڈانسرز کو فحش اور نامناسب ڈانس کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔