مشہور اداکاروں کے مداح تو پوری دنیا میں موجود ہوتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سنا ہوگا کہ کسی اداکار کو پسند کرنے کی سزا موت بھی ہوسکتی ہے؟
ایسا ہی کچھ امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ ہوا جسے بولی وڈ اداکار ریتھک روشن کو پسند کرنے کی سزا موت کے طور پر ملی۔
دی سن کی رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ دینیشور بدھیدت نے اپنی 27 سالہ اہلیہ ڈون دوجوائے کو چاقو کے وار سے قتل کردیا کیوں کہ وہ بولی وڈ کے خوبرو اداکار ریتھک روشن کی بہت بڑی مداح تھی۔
رپورٹ کے مطابق شوہر نے اہلیہ کا قتل کرنے کے بعد خود بھی ایک درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
ڈون دوجوائے کے دوستوں سے پولیس کو بتایا کہ وہ ریتھک روشن کو بےحد پسند کرتی تھی، تاہم دینیشور کو اس ہی بات سے ریتھک روشن سے بےحد حسد ہونے لگی۔
52 سالہ مالا نامی دوست نے مزید بتایا کہ ‘ڈون نے مجھے بتایا تھا کہ جب بھی وہ ٹی وی پر کوئی ایسی فلم دیکھ رہی ہوتی یا گانا سن رہی ہوتی جس میں ریتھک روشن موجود ہوتا تو دینیشور جلن کے مارے چینل تبدیل کردیتا’۔
مالا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی دوست ہر وہ فلم دیکھنے کی خواہش مند تھی جس میں ریتھک روشن نے کام کیا ہو۔
پولیس کا معاملے کی تحقیقات کے بعد کہنا تھا کہ یہ دونوں جس فلیٹ میں اکٹھے رہ رہے تھے، اسے چھوڑ کر جارہے تھے، تاہم شوہر کی درخواست پر اہلیہ ایک فلیٹ پر رکی جہاں انہوں نے اکٹھے فلم دیکھنے کا وعدہ کیا، تاہم کچھ دیر بعد ہی شوہر نے اہلیہ کی بہن کو پیغام بھیجا کے ‘میں نے تمہاری بہن کو قتل کردیا ہے اور فلیٹ کی چابیاں دروازے پر رکھے گلدان میں موجود ہیں’۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دینشور نے اپنی اہلیہ کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے اس کی لاش کو اس ہی حال میں چھوڑ دیا اور خود قریب ایک کھیت میں درخت سے لٹک کر اپنی جان دے دی۔
معاملے کی مزید کاروائی کی گئی تو پتا چلا کے دینیشور شادی کے ایک ہفتے بعد سے ہی اپنی اہلیہ پر تشدد کرتا آرہا ہے، ان دونوں کی شادی رواں سال جولائی میں ہوئی تھی، جبکہ اگست میں اہلیہ کو تھپڑ مارنے کی شکایت کے بعد دینیشور کو پولیس نے گرفتار بھی کیا تھا۔
ڈون کی ایک اور سہیلی نے پولیس کو بتایا کہ ‘وہ کئی بار مجھے بتا چکی تھی کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا، قابو میں رکھتا، اسے مارتا، ڈرانا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا ہے، تاہم نہ تو اس نے اور نہ ہی ہم نے کبھی اس بات کو سنجیدگی سے لیا کیوں کہ ڈون ہمیشہ یہی کہتی تھی کہ وہ اپنے شوہر سے بےحد محبت کرتی ہے’۔